کوئٹہ۔ 18 دسمبر (اے پی پی):سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے عوام میں حفاظتی آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم ہیٹر کے استعمال اور احتیاطی تدابیر سے متعلق ہے۔
موسم سرما میں شہریوں کو امکانی نقصانات سے آگاہ کرنے کے حوالے سے اشتہاری مہم کے سلسلے میں ادارے کی سروس وینز کا فلیٹ مارچ بھی نکالا گیا۔آگاہی کے لئے اشتہاری گاڑیوں کا یہ کارواں شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرتا رہے گا۔ اس موقع پر ریجنل جنرل مینیجر بلوچستان سوئی سدرن گیس کمپنی انور بلوچ نے کہا کہ موسم سرما میں عوام میں آگاہی کے لیے یہ مہم شروع کی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ بے احتیاطی کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں، عوام میں آگاہی کے لیے مزید پروگرام بھی ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے وسطی علاقوں میں گیس پریشر کا مسئلہ حل ہو چکا ہے۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی سلمان صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ سبزل روڈ اور سریاب روڈ پر بھی گیس پریشر کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، شہر میں ڈیمانڈ اور سپلائی برابر ہے، انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم سے حادثات میں واضح کمی ہوئی ہے، آگاہی مہم میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔