کوئٹہ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف بلوچستان میں "بدعنوانی کے خلاف طلباء کا کردار” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مسز زینب ڈین آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سائنسز، فیکلٹی ممبران، سٹاف اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ میں بدعنوانی کے خلاف بیداری ، نفرت پیدا کرنا اور اس کے سدباب کے لیے اقدامات کا تعین کرنا تھا۔
ڈائریکٹر نیب بلوچستان خاور الیاس نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ادارے کے کام اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلبہ کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی طور پر ہم معاشرے سے اس لعنت کو ختم نہیں کر سکتے، ہمیں بہتر نتائج کے لیے متفقہ طور پر کام کرنا ہو گا ورنہ یہ برائی ہمیں اندر سے تباہ کر دے گی۔
انہوں نے ان موثر طریقوں پر زور دیا جن سے طلبہ زیادہ صاف اور شفاف معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔سیمینار میں مسز زینب ہیڈ آف مینیجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ نے بھی موضوع کی مناسبت کے اعتبار سے اظہار خیال کیا۔
مجموعی طور پر یہ سیمینار طلبہ کے لیے بدعنوانی کے خلاف متحد ہونے کا ایک معلوماتی پلیٹ فارم تھا۔ نوجوان طلبہ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے ڈائریکٹر نیب نے تفصیلاً جوابات دیے۔تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔