کوئٹہ۔ 12 جولائی (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف تمام سرکلز میں کارروائیاں جاری ہیں ۔ ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی، سبی، خضدار اور مکران آپریشن سرکلز میں نادہندگان سے بقایاجات وصول اوربجلی چوروں کے کنکشنز منقطع کیے جا رہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ کیسکونے بجلی بلوں کی ادائیگی سے متعلق تمام نادہندہ سرکاری محکموں سمیت دیگر نادہندہ گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کے بجلی بلوں پر بقایاجات جمع کرانے کیلئے نوٹسز بھی ارسال کردئیے ہیں۔
ترجمان کیسکو کے مطابق اس خصوصی مہم کے تحت کیسکوٹیموں کی جانب سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بجلی میٹروں کو شنٹ اور میٹرریڈنگ سلوکرنے والے 141برقی کنکشنز چیک کرلئے جن میں 124گھریلو،16کمرشل اورایک صنعتی صارف شامل ہیں بعد ازاں اُن پرڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کردئیے اور بجلی چوری پر اُنھیں تقریباً41ہزار بجلی یونٹس ڈٹیکشن چارج کیے گئے جن کی قیمت تقریباً21لاکھ 70ہزارروپے بنتی ہے اوربجلی چوروں سے گزشتہ روز21لاکھ 70ہزار روپے وصول بھی کرلئے گئے نیز گزشتہ 24گھنٹوں کی کارروائی کے دوران 23بجلی چوروں کے خلاف صوبہ کے مختلف پولیس تھانوں میں تحریری درخواستیں ارسال کردی گئی ہیں ۔
علاوہ ازیں کیسکونے ماہ ستمبر سے اب تک صوبہ بھرمیں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران صوبہ کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں تقریباً7ہزاربجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے اب تک636 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کئے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ بجلی کے میٹروں کو شنٹ اورمیٹر ریڈنگ سلو کرنے پر 27ہزار739 گھریلو کنکشنز، 9ہزار کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار588زرعی کنکشنز اور 582صنعتی صارفین کے کنکشنزچیک کرکے بعدازاں اُن پرڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کردئیے اوراس طرح بجلی چوری کی مدمیں اُنھیں مجموعی طور پر ایک کروڑ36 لاکھ29 ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن چارج کیئے گئے ہیں جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً70کروڑ76لاکھ23ہزارروپے بنتی ہے جس میں سے کیسکونے اب تک 66 کروڑ37 لاکھ روپے وصول کرلئے ہیں۔
بجلی بلوں کی مدمیں نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کے سلسلے میں بھی روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کاعمل تیزی سے جاری ہے جس کے تحت ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کے حامل 2 لاکھ69ہزار807 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب98 کروڑ 29لاکھ روپے سے زائد رقم بھی وصول کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکوٹیمیں صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں تمام بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کررہی ہیں۔
لہٰذا کیسکونے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی اداکریں نیزصارفین بجلی چوری سے بھی اجتناب کریں بصورت دیگر کیسکوٹیمیں اُن کے برقی کنکشنز بلاتاخیر منقطع کردے گی نیز کیسکوکسی بھی نادہندہ صارف اور بجلی چوروں کے کنکشنز منقطع ہونے پرمزید کسی زحمت اور پریشانی کی ذمہ دارنہیں ہوگی۔