کوئٹہ۔ 08 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ 8 اگست 2016 کے شہید وکلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف وکلاکی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سول ہسپتال حملے کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہماری حکومت شہدا کے خون کی حرمت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداکے وارثوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے حقوق کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا ۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو پوری قوم کے اتحاد سے شکست دی جائے گی۔ بلوچستان بار اور وکلا برادری کی قربانی جمہوری اقدار کی سربلندی کی ایک روشن مثال ہے۔بلوچستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان صف اول میں ہے ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سانحہ میں وکلا برادری نے اپنے محافظ کھو دیئے۔ حکومت نے اس سانحہ کے شہدا کے بچوں کا ساتھ دیا تاکہ وہ دوبارہ سنبھل کر آگے بڑھ سکیں۔ اس سلسلے میں بیف وکلا اسکالرشپ سکیم شہدا کے بچوں کے لیے امید، انصاف اور تعلیم کا وعدہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 188 بچے مکمل سکالر شپ کے تحت اپنی پسند کے تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ شہدا کی وراثت اور آئندہ نسلوں سے کیا گیا ایک پختہ عہد ہے کہ ان کے خوابوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔