کوئٹہ شہر میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ،صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات

62

کوئٹہ۔ 26 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں جن میں کسٹم فلائی اوور ، گاہی خان فلائی اوور کے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر پی ڈی کسٹم گاہی خان فلائی اوور پروجیکٹ کے علاؤہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔اجلاس کو دونوں فلائی اوورز کی موجودہ صورتحال پروجیکٹ مکمل کرنے کی رفتار اور پروجیکٹ کے حوالے سے تیکنیکی مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کی سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کسٹم اور گاہی خان فلائی اوور منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کے فیلڈ آفیسران ریگولر بنیادوں پر ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ کام کی رفتار اور میعار میں کوئی کمی بیشی نہ رہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا دارومدار محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے اور یہ بہترین کارکردگی اس وقت ہوگی جب ان منصوبوں کو اپنے وقت مقررہ سے بھی پہلے مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم اور گاہی خان ایریا میں ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان منصوبوں کی جلد ازجلد تکمیل کی اشد ضرورت ہے لہذا کام کی رفتار کو مذید تیز کیا جائے اور ان منصوبوں کے حوالے سے تیکنیکی مسائل کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے مذکورہ منصوبوں کی تکمیل کی رفتار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ ان علاقوں سے منسلک عوام کو مزیدتکلیف کا سامنا نا کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام انجینئر آفیسران محنت اور لگن سے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کریں۔