کوئٹہ۔ 09 نومبر (اے پی پی):کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 22 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکا ہفتہ کی صبح جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا،دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے۔
ریلوے حکام کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے جاں بحق افراد کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کے 22 جاں بحق افراد ہسپتال لائے گئے۔
ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ چالیس سے زائد زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکا خودکش لگ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔دھماکے کے بعد صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کویٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔