کوئٹہ میں قومی کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد پاکستانی قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح کا نشان ہے، وزیراعظم محمدشہباز شریف

291
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایف سی کی تنخواہیں پاک فوج کے برابر کردیں

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں قومی کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد پاکستانی قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح کا نشان ہے،یہ ملک دشمن عناصر،انتشار اور دہشت پھیلانے والوں کو کھلا پیغام ہے کہ پاکستانی بہادر قوم مشکلوں کو شکست دے کر اپنا راستہ بنانا جانتی ہے۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ‏آج انہوں نے پاکستان کے 34ویں کھیلوں کے قومی مقابلوں کا افتتاح کیا،کوئٹہ میں 19 سال بعد ان کھیلوں کا انعقاد ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ امر باعث اعزاز ہے کہ ان کھیلوں کا افتتاح قائد اعظم محمد علی جناح نے 1948 میں کیا تھا اور آج مجھے بطور خادم پاکستان ان کھیلوں کا آغاز کرنے کا موقع ملا، آج کا دن اس لئے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ ان کھیلوں کا انعقاد پاکستانی قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح کا نشان ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک سے آئے ہوئے 6000 کھلاڑیوں سے بھرا ایوب سٹیڈیم ستاروں کی ایک کہکشاں کا منظر پیش کر رہا تھا، مجھے یہ جان کر بڑی خوشی ہوئی کہ ان مقابلوں میں خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی باصلاحیت خواتین کسی بھی میدان میں مردوں سے کسی طرح بھی پیچھے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کھیلوں کا انعقاد ملک دشمن عناصر، انتشار اور دہشت پھیلانے والوں کو کُھلا پیغام ہے کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جو مشکلوں کو شکست دے کر اپنا راستہ بنانا جانتی ہے۔