کوئٹہ میں میونسپل قوانین پر عملدرآمد کیلئے مجسٹریٹس کی تقرری کی منظوری

3

کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف موثر اقدامات کافیصلہ کرتے ہوئے میونسپل قوانین پر عملدرآمد کیلئے مجسٹریٹس کی تقرری کی منظوری دیدی۔اس بات کا فیصلہ منگل کو وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ پروگرام سے متعلق اہم اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں کہاگیاکہ صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف مثر اقدامات کا فیصلہ کرلیاگیابلکہ میونسپل قوانین پر عملدرآمد کیلئے مجسٹریٹس کی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔ شہر کی خوبصورتی، نکاسی آب، کوڑاکرکٹ کی صفائی مستقل بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔

اجلاس کے شرکا کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ قبضہ مافیاز کی زیر قبضہ تمام سرکاری اراضی اور پراپرٹیز کو واہ گزار کروانے کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیر اعلی بلوچستان نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوامی تعاون کے حصول کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ عوام کو سہولیات دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ کوئٹہ شہر کو جدید، صاف اور منظم شہری سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تجاوزات شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث ہیں، کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ صفائی، ٹریفک اور نکاسی آب کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ شہریوں کے تعاون سے کوئٹہ کو ایک مثالی اور خوبصورت شہر بنایا جائے گا۔