اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کوئٹہ واقعہ پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہدا کے بلندی درجات کے لیے دعا گو ہیں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے واقعے کی تحقیقات کاحکم جاری کردیا ہے اور جس کی بھی کوئی کمی کوتاہی ہوئی یا کوئی سیکیورٹی لیپس ہوا تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے کے حوالے سے انتظامی امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں جو ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور بہترین ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں اس لیے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے عوام کے مفاد میں ہی ہوگا جس سے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔