کوئٹہ۔ 28 دسمبر (اے پی پی):کوئٹہ پولیس کی سال 2024 کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ہفتہ کو کوئٹہ میں پولیس کارکرگردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ اعتزاز گورایا نے بتایا کہ کوئٹہ میں 4 پولیس ڈویژن اور 9 سرکلز ہیں ،152 پولیس اہلکار سرکاری اسکارڈ پر مامور ہیں ،150 پولیس اہلکار مختلف کورٹ پر ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں، سال 2024 میں 83466 زائرین کو سیکورٹی دی گئی اور آن لائن کمپلینٹ سینٹر قائم کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن شاہنواز، ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان مندوخیل اور ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن اسامہ چیمہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آن لائن شکایت درج کروائیں ،پولیس کا کام سروس ڈلیوری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2024 میں 8 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوئے ، اس سال 5 ہزار 9 سو 88 مقدمات درج ہوئے جبکہ 7 ہزار کے قریب لوگ گرفتار ہوئے ۔