اسلام آباد ۔ 11 اگست(اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے واقعہ کے بعد سب کا موقف ایک ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے‘ کسی کے پاس بہتر پالیسی ہے تو پارلیمنٹ میں لے کر آئے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد سب کا موقف ایک ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اور امن و امان کی بہتری کا کریڈٹ سیاسی جماعتوں و قومی اداروں کو جاتا ہے۔ کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جس سے دشمنوں کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اگر کسی کے پاس بہتر پالیسی ہے تو پارلیمنٹ میں لے کر آئے۔