راولپنڈی۔9مارچ (اے پی پی):کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جارح مزاج بیٹر جیسن روئے نے پشاور زلمی کے خلاف اپنی ریکارڈ ساز اننگز کو کیریئر کی فیورٹ اننگز قرار دے دیا۔ پی ایس ایل 8 کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی جانب دیا گیا241 رنز کا ہدف جیسن روئے کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 8 گیند قبل حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔ جیسن روئے نے44 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے5 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 145 رنز بنائے۔
راولپنڈی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن روئے نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کی سب سے پسندیدہ اننگز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا، انہوں نے کہا کہ 241 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں تھا مگر میرے ذہن میں شکست کا خوف نہیں تھا اور اسی چیز نے مجھے یہ شاندار اننگز کھیلنے میں مدد کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کے لئے پچ جتنی بھی سازگار کیوں نہ ہو 200 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی پچ اور کرائوڈ بہت شاندار تھا، بچے بڑے سب موجود تھے ۔
انہوں نے بابر اعظم کی اننگز کی بھی تعریف کی ، یاد رہے کہ جیسن روئے پی ایس ایل کے ابتدائی5 میچ کھیلنے کے بعد اپنی قومی ذمہ داری کے لئے بنگلہ دیش روانہ ہوگئے تھے جہاں انہوں نے پہلے ون ڈے میچ میں 132 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی، سیریز مکمل ہونے کے بعد جیسن روئے نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9ویں میچ میں جوائن کیا، بنگلہ دیش روانگی سے قبل ان کی5 میچز میں کارکردگی خراب رہی، اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں جیسن روئے نے کہا کہ اس وقت میں نے کچھ زیادہ ہی پریشر لے لیا تھا۔