کوئٹہ۔ 24 فروری (اے پی پی):گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول تربت میں داخلہ مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ صابر علی کی زیرصدارت تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں محکمہ ایجوکیشن کیچ کے افسران اور سکولوں کے سربراہان نے مختلف ایجنڈوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں سی بی ایس رجسٹریشن، بی آئی ایس پی (وسیلہ تعلیم) پروگرام کے تحت طلبا کی رجسٹریشن، ڈی ڈی او پاور آرڈر کی کاپی جمع کرانے اور LEC اور PTSMC کی تشکیل جیسے اہم نکات پر تبادلہِ خیال کیاگیا۔
اس کے علاوہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر شجرکاری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرکیچ صابر علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام بچوں کو سکول میں داخلہ دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانی ہوں گی تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ داخلہ مہم کا مقصد ہر بچے کو سکول پہنچانا اور اسے بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔ والدین، اساتذہ اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ آج کا پڑھا لکھا بچہ کل کا کامیاب شہری ہوگا۔ اس لیے ہم سب مل کر تعلیم کو عام کریں اور ایک روشن، ترقی یافتہ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں۔
تقریب کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور اسکول کے سربراہان نے بھی بچوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اپنے خیالات اور تجویز پیش کیں، تاکہ علاقے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565640