کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام میں عطیات دینے والوں کیلئے خصوصی اکائونٹ قائم کیا جا رہا ہے، ثانیہ نشتر

201
کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام میں عطیات دینے والوں کیلئے خصوصی اکائونٹ قائم کیا جا رہا ہے، ثانیہ نشتر
کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام میں عطیات دینے والوں کیلئے خصوصی اکائونٹ قائم کیا جا رہا ہے، ثانیہ نشتر

اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام میں عطیات دینے والوں کیلئے خصوصی اکائونٹ قائم کیا جا رہا ہے، اس پروگرام کو پورے پاکستان تک وسعت دی جائے گی، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اتوار کو تین شہروں میں کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت میں بہترین اعمال ضرورت مندوں کو کھانا کھلانا اور سلام میں پہل کرنا ہے۔

رہنما اصولوں کے تحت وزیراعظم کا ویژن ہے کہ کوئی بھوکا نہ سوئے، وزارت اس پالیسی پر عملدرآمد کیلئے کوشاں ہے، احساس کے تین پروگرام اسی ویژن کے تحت چل رہے ہیں۔ پناہ گاہیں، احساس لنگر خانوں کا قیام اور موبائل لنگر خانے شامل ہیں۔ اس پروگرام کی ابتدا ایک ماہ پہلے اسلام آباد میں ہوئی۔ اس پائیلٹ پراجیکٹ کی بنیاد پر اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ تین مزید شہروں تک اس کو وزیراعظم کی ہدایت پر وسعت دے رہے ہیں۔ لاہور ، فیصل آباد اور پشاور میں اس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ یہ نجی سرکاری شراکت داری سے ہوگا۔ اس کے انتظامات سرکاری شعبہ اور کھانا نجی شعبہ فراہم کرے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب و کے پی کے کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ عطیات کی بہت زیادہ پیشکش آ رہی ہیں۔

اس کے علاوہ اکائونٹ کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ جو شہری اس میں مالی تعاون کرنا چاہتے ہیں وہ اس اکائونٹ میں رقم دیں گے۔ منگل کو ڈونیشن مینجمنٹ سسٹم میں شفافیت پر ویڈیو جاری کروں گی جس کے تحت یہ عطیات جہاں استعمال ہوں گے اس سے ڈونر کو آگاہی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے ایک روز پہلے ایک پورٹل کی تفصیلات جاری کریں گے۔ گورنمنٹ انٹیگریٹی پالیسی کا اطلاق اس پر ہوتا ہے۔ میرٹ اور ٹھیکوں کے نظام میں شفافیت کے لئے کوشاں ہیں۔ احساس کے دائرہ کار میں تین قسم کے پروگرام چل رہے ہیں۔

احساس کفالت ، بلاسود قرضے، انڈر گریجویٹ سکالر شپ پورے ملک میں چل رہے ہیں۔ احساس سبسڈی پروگرام پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسلام آباد میں سنٹر قائم کرنے جا رہے ہیں۔ مستحق خاندان کے اعدادو شمار کے حوالے سے 80.4 فیصد سروے مکمل ہے، جون میں اس کی تکمیل ہوگی ۔ ان تک ثمرات پہنچانے کے انتظامات مکمل ہیں۔ یہ پروگرام ہماری ترجیح ہے اس کو پورے ملک تک وسعت دیں گے۔