اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سب کا یکساں احتساب چاہتی ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان نے مافیاز کے خلاف ایکشن لیا، کورونا بحران کے باوجود ملک کے ہر شعبے میں معاشی اشاریے مثبت سمت کی طرف گامزن ہیں، حکومت ایک کروڑ 75 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام، ہیلتھ انشورنس دے رہی ہے، حکومت ملک میںانتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے استعمال کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں احتساب کا عمل جاری رہے گا، احتساب پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چاہے کسی کا تعلق حکومتی جماعت سے ہو یا اپوزیشن سے اگر اس پر کوئی الزام ہے تو اس کوعدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا، جہانگیر ترین اب بھی عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم مافیا ہو یا شوگرمافیا، پٹرولیم مافیا ہو یا ادویات مافیا، وزیراعظم عمران خان نے ان مافیاز کی نشاندہی کر کے ان خلاف ایکشن لیا، حکومت پرعزم ہے کہ انتخابی اصلاحات ہوں اور انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے، پارلیمنٹ میں بیٹھے تمام اراکین عوام سے ووٹ لیتے ہیں اور عوام کی بات کرتے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم پارلیمان کو مضبوط بنائیں، ہمیں پارلیمان میں نیب اصلاحات، انتخابی اصلاحات اور جوڈیشل ریفارمز لانے کے لئے بات کرنی چاہیے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ کورونا بحران کے باوجود ملک کے ہر شعبے میں معاشی اشاریے مثبت سمت کی طرف گامزن ہیں، ملک میں 3.94 گروتھ کے علاوہ صنعتوں میں 9 فیصد گروتھ، تعمیراتی شعبہ میں 8 فیصد، زراعت میں 2.8 فیصد، سروسز میں 4.4 فیصد، 1.7 بلین ڈالرز آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا، اس کے علاوہ ملک میں ٹریکٹرز کی فروخت 62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں عام آدمی کے لئے کچھ نہیں کیا تھا، (ن) لیگ کی حکومت نے خاص طبقے کو نوازا تھا، مسلم لیگ (ن) کے لیڈر نواز شریف ملک سے فرار ہیں، نواز شریف کو چاہیے کہ وہ ملک میں واپس آئیں اور عدالتوں کا سامنا کریں۔