اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، عدل و انصاف کا نظام بہتر ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی ملک ترقی کرے گا،پارلیمان 25 کروڑ عوام کی آواز اور امیدوں کا مرکز ہے،چیف جسٹس کا تقرر پارلیمان نے آئین کے مطابق عوامی رائے اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیاہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس پاکستان حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور چیف جسٹس یحیی آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چیف جسٹس بننا انتہائی عزت اور اعزاز کی بات ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، عدل و انصاف کا نظام بہتر ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی ملک ترقی کرے گا ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیف جسٹس یحیٰ آفریدی ملک میں آئین و قانون کے مطابق عدل و انصاف کے نظام کو مزید مستحکم کریں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان 25 کروڑ عوام کی آواز اور امیدوں کا مرکز ہے،خوشی ہے کہ چیف جسٹس کا تقرر پارلیمان نے آئین کے مطابق عوامی رائے اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ آئین پاکستان کی مکمل پاسداری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے، ریاست کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی ائینی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں سر انجام دیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ چیف جسٹس یحیی آفریدی کی دانشمندانہ قیادت میں عدالتی نظام مزید مستحکم ہو گا ۔ سردار ایاز صادق نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ چیف جسٹس عوام کو فوری اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔