اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک تنہا اس شدت کی آفت سے نہیں نمٹ سکتا ،ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ،3 کروڑ متاثرین کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیلاب کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے وزارت منصوبہ بندی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
اجلاس میں عالمی اداروں کے نمائندوں نےشرکت کی۔انہوں نے کہا کہ نقصانات کے تخمینہ کو عالمی ماہرین کی مدد سے جلد از جلد حتمی شکل دینا چاہتے ہیں تاکہ تعمیر نو کا جلد از جلد آغاز کیا جا سکے ،کوئی بھی ملک تنہا اس شدت کی آفت سے نہیں نمٹ سکتا ،ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ،3 کروڑ متاثرین کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پہ ٹینٹ حاصل کئے جا رہے ہیں ،سیلاب نے متاثرین کو جمع پونجی اور روزگار سے محروم کر دیا ،حکومتی اداروں نے بجلی ،ٹیلی کمیونیکیشن اور شاہراہوں کے نظام کو بڑی حد تک بحال کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین و بچوں کو انتہائی نگہداشت میڈیکل سہولیات کی ضرورت ہے ، موبائل میڈیکل یونٹ بنا رہے ہیں ،بیرونی امداد میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم نے ٹاپ آڈٹ فرم سے خدمات لینے کی ہدایت کی ہے ۔