کوئی بھی گروہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور ذاتی مفاد کے لئے حکومت پر نہ تو دبائو ڈال سکتا ہے نہ ہی بلیک میل کرسکتا ہے، سینیٹر فیصل واوڈا

48
کوئی بھی گروہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور ذاتی مفاد کے لئے حکومت پر نہ تو دبائو ڈال سکتا ہے نہ ہی بلیک میل کرسکتا ہے، سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کوئی بھی گروہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور ذاتی مفاد کے لئے حکومت پر نہ تو دبائو ڈال سکتا ہے نہ ہی بلیک میل کرسکتا ہے، احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت کی معاشی پالیسیوں سے خوفزدہ ہیں، ملک کی معیشت ترقی کر رہی ہے، کورونا وباء کے باوجود ملک میں ہائوسنگ کا شعبہ، زراعت، بڑے پیمانے پر صنعتی پیداوار اور برآمدات کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک نے کورونا وائرس جیسی وبائی صورتحال کے دوران پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو سراہا ہے، کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے باوجود ملک وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں معاشی سنگ میل کو حاصل کررہا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت فلاح و بہبود اور ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کررہی ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو معاشی استحکام پر سیاست کرنے کے بجائے اپنی بدعنوانی کے بارے میں جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی گروہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور فوائد کے لئے حکومت پر نہ تو دبائو ڈال سکتا ہے نہ ہی بلیک میل نہیں کرسکتا ہے، بلا تفریق احتساب کا عمل جاری رہے گا اور احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ وسیع تر قومی مفاد میں عدالتوں اور ان کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔