اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ کوئی سابق وزیر مشیر یا معاون خصوصی سرکاری گاڑی گھر لے کر نہیں گیا۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر زرقہ سہروردی تیمور، شہادت اعوان اور کامران مرتضی کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کابینہ کے اکثر ارکان کے پاس 1800 سی سی کی گاڑیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رولز کے تحت غیر معمولی صورتحال میں پرائیویٹ وکلا کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ لا افسران کی تعیناتی کا معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھجوایا جائے تاکہ اس پر تفصیلی غور کیا جا سکے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے کہا کہ لا افسران 20، 20 مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں اور ان کو معاوضہ بھی ان کی محنت کے برابر نہیں ملتا۔