بیجنگ ۔ 20 مارچ (اے پی پی) کورونا وائرس دنیا کے180 ممالک میں پھیل گیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار50 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 2لاکھ45 ہزار 6 سو 51 ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے 3 ہزار4 سو 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 41 ہزار 35 افراد متاثر ہیں، اٹلی میںکورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دنیا میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 2 سو48 ہو گئی ہے۔ ایران میں عالمی وبائی سے 12 سو 84 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ امریکا میں کورونا سے 2 سو18 افراد ہلاک اور 14ہزار3 سو21 افراد متاثر ہیں۔کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا کی 56 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ لاس اینجلس میں شاپنگ مراکز، انڈور مالز، غیر ضروری ریٹیل تجارتی سینٹر بند کر دیئے گئے ہیں۔ ارجنٹائن لاک ڈاؤن کرنے والا جنوبی امریکا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے جبکہ 194افراد متاثر ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں سے اس مشکل گھڑی میں مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔