لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عا رف علوی نے کہا ہے کہ کوروناکے باوجود آج الحمد اللہ پاکستان کی اکانومی مضبوط ہے‘ ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں مگر اس کے باوجود ہم بہترین معیشت کے ساتھ ترقی کی طرف رواں دواں ہیں ، بہترین حکمت عملی سے بہت جلد پاکستان دینا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا ۔ وہ منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں کورونا ہیروز کیلئے منعقدہ” شان پاکستان ایوارڈ“ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ‘ بزنس مین کمیونٹی اور کورونا ہیروز کی فیملیزکی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی قوم کے اندر انوکھا جذبہ ہے جب کبھی بھی مشکل وقت آتا ہے تو مخیر حضرات باہر نکل آتے ہیں‘ابھی ہمارے امتحانات ختم نہیں ہوئے پاکستانی عوام کیلئے علاج کروانا ممکن نہیں بلکہ احتیاط کے ساتھ بیماریوں سے بچنا ضروری ہے‘ کوویڈ 19کے دوران ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں کو امداد فراہم کی گئی اور کسی نے بھی انگلی نہیں اٹھائی کہ یہ رقوم غلط جگہ استعمال کی گئی ہے ،ہمیں فخر ہے کہ آج کورونا کے ہیروز کو ایوازڈ دیئے گئے جبکہ اصل اجر تو اللہ تعالی سے ملے گا ۔صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے وہ لیڈر ہیں جنہوں نے کورونا وبا کے دوران سخت پریشر کے باوجود پورے ملک میں لاک ڈاﺅن نہیں لگایا ، وزیر اعظم کو لاک ڈاﺅن کے دوران سب سے زیادہ فکر غریب عوام کی تھی کہ اگر پورے ملک میں مکمل لاک ڈاﺅن لگا دیا جاتا تو مزدور طبقہ بھوک سے مرجاتا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جس طرح کورونا کے دوران ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کو 12ہزار روپے فی کس کی امداد فراہم کی گئی اس سے لوگوں کو بڑی حد تک ریلیف فراہم کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ میرے اور آپ کیلئے بڑے فخر کی بات ہے کہ آج پوری دنیا میں پاکستان سے سیکھنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، پاکستان نے کورونا کے دوران بہتر حکمت عملی سے اس موذی وبا پر قابو پایا مگر آج بھی کورونا ختم نہیں ہوا، ہمیں ابھی بھی احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں نئے پاکستان سے ایک عظیم قوم کی امید ہے اورہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ضرورت مندوں کیلئے نوکریوں کاانتظام کریں۔