کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کر نے والے خود کورونا کو ویلکم کر رہے ہیں ،گور نرچوہدری محمدسرور کی صوبائی وزیر میاں محمود الرشید سے ملاقات کے دوران گفتگو

49
افتخار علی ملک کی سارک چیمبر کے صدر کے طور پر خدمات اور کامیابیاں قابل ستائش ہیں ،سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور

لاہور۔29مارچ (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کر نے والے خود کورونا کو ویلکم کر رہے ہیں، ماسک سمیت دیگر حفاظتی اقدامات نہ کر نا اپنی جان سے دشمنی ہے ،کورونا کا شکار ہونا ہے یا اس سے بچنا ہے فیصلہ ہر فرد کے ہاتھ میں ہے،کورونا گلی محلوں میں پھیل رہا ہے، بچائو صرف احتیاط سے ممکن ہے۔

وہ پیر کے روزگور نر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم ،حکومتی امور اور کورونا سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گور نر چوہدری محمدسرور اور صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے عوام سے کورونا ایس اوپیز پر عمل کی بھی اپیل کی

گور نر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ایس اوپیز میں لاپرواہی سے کورونا پھربے قابو ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کورونا کا چیلنج صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کوہے، ان حالات میں اگر کورونا ایس اوپیز پر عمل نہیں کیا جائے گا تو یہ ملک وقوم کے لیے تباہ کن ہوگا،اس لیے حکومت نے جو بھی ایس اوپیز جاری کیے ہیں ان پرسو فیصد عمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا گلی محلوں میں پھیل رہا ہے ،بچائو صرف احتیاط سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا کے حوالے سے امر یکہ اور برطانیہ جیسے حالات کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لیے ایس اوپیز پر عمل لازم ہے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم وزیر اعظم عمران خان کا تاریخ ساز منصوبہ ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف سے پہلے کسی حکومت نے پاکستان میں بے گھر افراد کے لیے نہیں سوچا۔ گورنر نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں مکمل شفاف طریقے سے بلاتفر یق ہرایک کو اپنا گھر ملے گا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید نے کہا کہ پنجاب میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم پرتیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم میں مکمل شفافیت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ صوبائی وزیر ہاوسنگ نے مزید کہا کہ کورونا سے بچائو کے لیے ہر پاکستانی کو ایس اوپیز پر عمل کر نا ہوگااور ہم سب نے ملکر ایک بار پھر کورونا کو شکست دینی ہے۔