اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کریں، موجودہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے اور مافیا کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے ممبران صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں مشیران وزیر اعلیٰ محمد حنیف خان پتافی، عبدالحئی، فیصل حیات جبونا اور معاونین خصوصی برائے وزیرِ اعلیٰ سید رفاقت علی گیلانی، خرم سہیل خان اور جاوید اختر انصاری شامل تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے اپنے حلقوں میں کورونا کی صورتحال اور متاثرین و مستحقین کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ مستحقین کے لئے حکومت کی جانب سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام اور بے روزگار افراد کے لئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے مشکلات کا شکار افراد کو خاطر خواہ مدد ملی ہے جس پر وہ حکومت کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ وفد نے زندگی اور روزگار کے درمیان توازن رکھنے کی وزیر اعظم کی پالیسی کو سراہا۔ شرکاءنے جنوبی پنجاب کے وعدے کی تکمیل کی جانب عملی اقدام اٹھانے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نہ صرف جنوبی پنجاب کی عوام کی خواہشات بلکہ ترقیاتی ضرورتوں کے حوالے سے بھی جنوبی پنجاب کو فراموش کیا جاتا رہا۔ جنوبی پنجاب کے مسائل کے مستقل حل کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے پر علاقے کی عوام موجودہ حکومت کی شکر گزار ہے۔ شرکاءنے چینی مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن پر بھی وزیرِ اعظم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے چینی مافیا کے خلاف ایکشن سے کسانوں اور عوام الناس کے استحصال کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ شرکاءنے وزیرِ اعظم کو اپنے حلقوں کی مختلف ضروریات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے شرکاءکو ہدایت کی کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے اور مافیا کے خلاف کاروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔