کورونا وائرس، شہری کھانے پینے اور دیگر اشیاءکی ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں، امریکی صدر

59

واشنگٹن ۔ 16 مارچ (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر شہریوں کو کھانے پینے اور دیگر اشیاءکی ذخیرہ اندوزی سے گریز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عہدیدار اور دیگر شہری خود کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے مزید ہنگامی اقدامات کریں۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاﺅس میں نیوز کانفرنس کے دوران شہریوں اور عہدیداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کچھ بھی زیادہ خریدنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی پریشان ہوں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ کے اشیاءخوردونوش کے سٹورز کھلے رہیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر زبردست قابو پایا ہے۔ امریکی نائب صدر مائیک پینس نے نیوز کانفرنس میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ صرف آئندہ ہفتے تک کی ضرورت کی اشیاءخریں۔ امریکی صدر کا یہ بیان طبی ماہر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ 14 روز کے لیے ملک بھر میں شٹ ڈاﺅن جیسے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔