کورونا وائرس سے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وسیع تر قومی مفاہمت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ

74

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) کورونا وائرس سے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وسیع تر قومی مفاہمت کیلئے سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گذشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران کورونا وائرس کی صورتحال سے مکمل قومی یکجہتی سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز کے ساتھ ساتھ حکومتی اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی اور سپیکرقومی اسمبلی کووزیراعظم عمران خان کی طرف سے اس کمیٹی کے قیام کیلئے کہا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے وزیراعظم اور حکومت کے حوالے سے مکمل تعاون اور خیر سگالی کے جذبات کو قومی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے رابطے کریں گے اور ملک کو درپیش کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متفقہ قومی بیانیے کی تشکیل سمیت وسیع تر قومی مفاہمت اور یکجہتی کیلئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحہ پر لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔