کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان نے مربوط اور موثر حکمت عملی کے تحت عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی سپیکر کانفرنس میں پینل ڈسکشن کے دوران گفتگو

65

ویانا۔8ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان نے مربوط اور موثر حکمت عملی کے تحت عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے جسے عالمی طور پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ کورونا وائرس نہ صرف انسانی صحت کے لیے ایک مہلک خطرہ ہے بلکہ اس وباء کے اثرات معیشت، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے بھی خطر ناک ہیں ۔کمزور جمہوریتوں کے لیے کورونا وبا خطرہ ہے.

غلط اطلاعات کے پھیلاؤ سے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحانات اس کی واضح مثال ہے، اسلام کی غلط تشریح کے نتیجے میں مغرب میں اسلامو فوبیا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچویں اسپیکر کانفرنس میں "ڈیموکریسی پر کویڈ 19 کے اثرات کو کم کرنے کے موضوع پر ہونے والی پینل ڈسکشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے پاکستان میں عدلیہ اور میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہو کہا کہ عدلیہ اور میڈیا آئین میں دیے گئے انسانی حقوق کے تحفظ اور جمہوری اقدار کو فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل موبائل ایپلیکیشن کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے جو بہتر طرز حکمرانی کے لئے ضروری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے پاکستان عوام کے سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لئے نیشل ایکشن پلان کے تحت جامع منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویڈ وبا کے طویل مدتی اثرات کو کم کرنے کے لئے جامع معلومات اور مربوط پالیسیوں کی تشکیل کی ضرورت ہے۔