واشنگٹن۔ 24جولائی (اے پی پی) کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کی کوششوں میں مصروف اداروں سے امریکی انتظامیہ کے معاہدے کی وجہ سے دوا کی قیمت طے ہوگئی ہے۔خبر رساں ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ فائزر اور بایو این ٹیک کمپنی کو 5 کروڑ امریکیوں کو اپنی ویکسین فراہم کرنے کے عوض 1ارب 95 کروڑ ڈالر دیں گے اور اس طرح ایک شخص کی ویکسینیشن کا خرچہ 39 ڈالر آئے گا جو عام فلو کی ویکسین جتنا ہے اور دواساز ادارے مناسب منافع کماسکیں گے۔واضع رہے کہ امریکہ اور کئی دوسرے ممالک کی حکومتوں نے ویکسین بنانے کی کوششوں میں مصروف مختلف کمپنیوں سے معاہدے کیے ہیں جن میں بعض نے ویکسین کی خوراکیں فراہم کرنے کی ضمانت دی ہے لیکن امریکی انتظامیہ اور ویکسین بنانے والی کمپنیوں فائزر اور بایو این ٹیک کے اس معاہدے کے مطابق ویکسین کی ہر خوراک کی قیمت ساڑھے 19 ڈالر ہوگی اور ہر شخص کو 2 خوراکوں کی ضرورت ہوگی۔