واشنگٹن۔ 07مئی (اے پی پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے حملے کو امریکہ پر اب تک کا بدترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا حملہ جنگ عظیم دوئم میں امریکی بندرگاہ پرل ہاربر اور 9/11 حملوں سے بھی بدتر ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کورونا وائرس کے بدترین حملے سے گزرا ہے اور یہ دوسری جنگ عزیم دوئم میں امریکہ کی پرل ہاربر بندرگاہ اور ورلڈ ٹریڈ سینٹر یعنی 9/11 حملوں سے بھی زیادہ بدترین ہے۔ اور اس جیسا حملہ آج تک کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو اس کے ماخذ یعنی چین میں روکا جا سکتا تھا اور ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے چین کی بجائے کورونا وائرس کو امریکہ کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ دکھائی دینے والے دشمن کورونا وائرس کو جنگ کے طور پر دیکھتے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ یہ دشمن امریکہ کیسے پہنچا کیونکہ اسے روکا جا سکتا تھا لیکن وہ اس نہ دکھائی دینے والے دشمن کو جنگ کی طرح دیکھتے ہیں۔