ریاض۔ 31دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر العبد العالی نے کہا ہے کہ ملک میں گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس مہم کے دوران ویکسین کی دو خوراکیں نہ لینے والوں کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔
کورونا وائرس کے کیسز میں زیادہ تر وہ افراد شامل ہیں جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لیں۔ وزارت صحت کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ بوسٹر ڈوز لینے والوں میں اکا دکا ہی کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔
طبی جائزوں سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ویکسینوں سے جو مدافعتی نظام مرتب ہوتا ہے وہ ویکسین لینے کے3 ماہ بعد کمزور پڑ جاتا ہے لہٰذا بوسٹر ڈوز کے ذریعے اسے مضبوط بنانا ہوتا ہے۔العبد العالی نے کہا کہ جو لوگ بوسٹر ڈوز لے لیتے ہیں وہ کورونا وائرس کی نئی قسموں کے وائرس سے بہت کم متاثر ہوتے ہیں۔