کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کیلئے پاکستان نے بروقت اقدامات کئے جس کے بہترنتائج سامنے آئے ہیں،وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیار

57

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کیلےئے پاکستان نے بروقت اقدامات کئے جس کے بہترنتائج سامنے آئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے سالانہ اجلاس سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مخدوم خسروبختیارنے کرونا وبا کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے اقدامات کو سراہا اورکہاکہ بینک کے کرونا کرائسس رسپانس پیکج سے ممبر ممالک کی معاشی صورتحال بہتر رہی اور اس سے ان ممالک کی وباءکے اثرات سے نمٹنے کی استعدادمیں بہتری آئی ہے ۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان میں کرونا سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کئے گئے جس کے بہتراثرات سامنے آئے ۔ انہوںنے کہاکہ وباءکے بعد ہمیں ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔ اسی طرح آب و ہوا کی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان آئندہ سالوں میں بنیادی ڈھانچہ پر سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا ، اسی طرح تجارت اور سیاحت کی صنعت کو کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔