اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وباسے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکومت کی حکت عملی کوبین الاقوامی طورپرسراہا گیاہے۔انہوں نے یہ بات پیرکو ہیومن کپیٹل کے حوالے عالمی بینک کے مشترکہ ورچوئل وزارتی اجلاس میں کہی ہے۔وفاقی وزیرنے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی معیشت پر کوروناوائرس کی وبا کیوجہ سےکم منفی اثرات مرتب ہوئے، پاکستان کی حکومت نے انسانی زندگی اورروزگارکوبچانے پرمبنی حکمت عملی اختیارکی جس کی وجہ سے کوویڈ 19 کے اقتصادی اثرات کوکم کرنے میں مددملی ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اس حکمت عملی کی بین الاقوامی طورپرتعریف کی گئی اوراس کوسراہاگیا۔ انہوں نے اجلاس کے شرکا کوماحولیات کے تحفظ اورماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکومت کی طرف اٹھائے جانیوالے اقدامات سےآگاہ کیااورکہاکہ ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ کیلئے حکومت نے وسیع پیمانے پر اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کم آمدنی والے طبقات کو کورونا کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنےکیلئے حکومت نے احساس پروگرام کو وسعت دی ہے، یہ پروگرام ملکی تاریخ میں سماجی تحفظ کاسب سے بڑاپروگرام بن چکاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر کورونا وائرس کی عالمگیروباکے منفی اثرات کوکم کرنے اور وباسے نمٹنےکیلئے اضافی مالی امداد فراہم کرے ۔