جنیوا۔31جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا اب بھی بین الاقوامی سطح پر باعث تشویش پبلک ہیلتھ ایمرجنسی ہے جو ڈبلیو ایچ او کا سب سے زیادہ الرٹ لیول ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے یہ اعلان دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہفتہ واراموات میں حالیہ اضافے کےبعد کیا گیا ۔
کووڈ۔ 19 پر اپنے سہ ماہی اجلاس کے بعد ڈبلیو ایچ او کی بین الاقوامی صحت کے ضوابط (2005) کی ہنگامی کمیٹی نےاعلان کیا جس کی منظوری ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈھانوم گبریسس نے دی ہے۔ کمیٹی نے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس ایک خطرناک متعدی بیماری ہے جو صحت کے نظام کو کافی نقصان پہنچاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن سے عالمی سطح پر بیماری اور اموات کے اثرات کو محدود کیا جا سکتا ہے،اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ وائرس مستقبل قریب میں انسانوں اور جانوروں میں مستقل طور پر قائم پیتھوجن رہے گا۔
کمیٹی نے ممالک سے صحت عامہ کےطویل مدتی اقدامات کا مطالبہ کیا جس میں بیماری اور اموات پرکووڈ۔ 19کے اثرات کو کم کرنے پرتوجہ دی جائے۔دریں اثناکمیٹی نے ممالک کو سفارش کی کہ کورونا ویکسی نیشن کے 100فیصد اہداف حاصل کرنے چاہیئں ،ڈبلیو ایچ اوکو کورونا وائرس کی وبا کی نگرانی کے ڈیٹا کی رپورٹنگ کو بہتر بنانا چاہیے اور طبی انسدادی اقدامات جیسے ویکسین ، تشخیص اور علاج کی طویل مدتی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔