اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کم ہوئے ہیں لیکن اس کا خطرہ تاحال ٹلا نہیں ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے متنبہ کیا کہ کووڈ۔19 سے متاثر ہونے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن اس کا خطرہ ٹلا نہیں ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی میں صوبائی تعاون سے ہم ہر حوالے سے تیاری کرتے ہیں جن میں عیدین، محرم ، سکول کھولنے وغیرہ سمیت دیگر معاملات شامل ہیں جن کی وجہ سے وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے این سی او سی کی حکمت عملی کا امریکی شاعر رابرٹ فراسٹ کی نظم سے تقابل کیا، جس میں رابرٹ فراسٹ نے کہا تھا کہ اگرچہ برف باری کے دوران شام کے وقت جنگل کے قریب رک کر اس کی خوبصورتی کا نظارہ کیا جا سکتا ہے، لیکن میں نے کسی سے جو وعدہ کر رکھا ہے، اسے پورا کرنے کے لئے مجھے سونے سے قبل میلوں کا سفر طے کرنا ہے۔