کورونا وائرس کے باعث گزشتہ سال دنیا بھر میں تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ بچے بنیادی ویکسین یا ضروری ٹیکوں کی سہولت سے محروم ہو گئے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ۔15جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کے لاکھوں بچے بنیادی ویکسین، یا ضروری ٹیکوں کی سہولت سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے نے اقوام متحدہ کے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں صحت کا نظام بھی بری طرح سے …

اقوام متحدہ۔15جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کے لاکھوں بچے بنیادی ویکسین، یا ضروری ٹیکوں کی سہولت سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے نے اقوام متحدہ کے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں صحت کا نظام بھی بری طرح سے متاثر ہوا ہے اس لیے گزشتہ سال تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ بچے خناق، ٹیٹنس اور کالی کھانسی جیسے انفیکشن کے معمول کے ٹیکے سے محروم ہو گئے۔

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف نے اس سلسلے میں جو اعداد و شمار شائع کیے ہیں اس کے مطابق 2019 میں یہ تعداد صرف 37 لاکھ تھی جو گزشتہ برس بڑھ کر 2 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی۔یونیسیف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ برس کے دوران تقریبا ًایک کروڑ 70 لاکھ بچوں کو ایک بھی ضروری ٹیکہ نہیں لگ سکا جو اس بات کا مظہر ہے کہ ویکسین تک رسائی میں کتنی عدم مساوات پائی جاتی ہے، سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت، پاکستان، میکسیکو اور مالی شامل ہیں لہذا ان ممالک میں بچوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ بنیادی ویکسین تک رسائی کے حوالے سے ممکنہ طور پر رواں برس مزید خراب ثابت ہوسکتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او میں محکمہ ویکسین کی سربراہ کیٹ او برائن نے کہا کہ اب ایسے بچوں میں مزید اضافہ ہو گا جن میں ویکسین نہ لگنے سے قوت مدافعت کی کمی ہو گی اور اس سے مزید متعدی امراض پھیلنے کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مکمل طوفان ہوگا جس کے بارے میں ہم ابھی آگاہ کر رہے ہیں۔ یہ بہت زیادہ پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں گہری تشویش کی بات ہے۔ بچوں کو بچانے کے لیے ہمیں فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔