اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے باوجود ملکی معیشت کا استحکام موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومت عام آدمی کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی، قانون و آئین کی بالادستی سے نظام میں استحکام اور مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے، ملک میں معاشی اشاریئے مثبت انداز میں بڑھ رہے ہیں جس سے افراط زر پر قابو پانے میں مدد ملے گی، حکومت ملک کے غریب طبقات اور عام عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران پوری دنیا کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور وبائی صورتحال کے باوجود معاشی استحکام موجودہ حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران دنیا کے کئی ممالک نے مکمل لاک ڈائون کیا جس کی وجہ سے وہاں کے عوام کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور عوام کو روزگار سمیت خوراک سے متعلق بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے کورونا وباء کی صورتحال میں مکمل لاک ڈائون کے بجائے سمارٹ لاک ڈائون پالیسی اختیار کی اور دنیا بہت سے ممالک نے پاکستانی حکومت کی اختیار کردہ سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کو سراہا اور تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی بہت بہتر ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ دونوں سیاسی جماعتوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا، کراچی میٹروپولیٹن شہر کے عوام کو پینے کا صاف پانی کا میسر نہیں ہے۔