کورونا وباکے دوران زندگی اورذرائع معاش کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی پاکستانی مستقل پالیسی کی عالمی برادری کی طرف سے توثیق کی جا رہی ہے ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ

114

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات و چیئرمن سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا کی وباکے دوران زندگی اورذرائع معاش کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی پاکستان کی مستقل پالیسی کی عالمی برادری کی طرف سے توثیق کی جا رہی ہے۔عاصم سلیم باجوہ نے آکسفیم کی ایک رپورٹ کے جواب میں ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ دنیا رشک کے ساتھ پاکستان کی تقلید کر رہی ہے جس سے ہماری حکمت عملی کی تائید ہوئی ہے اور اس وبا کو شکست دے کر ہماری قوم نے خود کو ایک بہادر قوم ثابت کیا ہے۔آکسفیم کی تازہ ترین رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بھوک سے یومیہ بارہ ہزار افراد تک کی موت ہو سکتی ہے اور یہ شرح اموات اپریل میں کورونا سے ہونے والی یومیہ دس ہزار اموات سے زیادہ ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اختیار کی گئی حکمت عملی کی ایک اورتوثیق ہے جس کے تحت ملک میں مکمل لاک ڈاﺅن کی سختی سے مخالفت کی گئی اور زندگیوں اور روزگارمیں توازن برقرار رکھنے اور بھوک اورغربت سے بچاﺅ کے لئے سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی اپنائی گئی۔انہوں نے کہاکہ امریکی خبررساں ادارے بلوم برگ نیوزنے بھی سمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی کو ایسے حالات میں معمولات زندگی کی بحالی کی جانب امید کی کرن قرار دیاہے جب دنیا کورونا کے خلاف ویکسین کی منتظرہے۔وزیراعظم عمران خان کی اس متوازن حکمت عملی کی دنیا کے ممتاز سائنسدانوں، اداروں اور عالمی ذرائع ابلاغ نے بھی تعریف کی ہے۔