کورونا وبا میں سنگ دلی کا مظاہرہ کرنیوالے پی ڈی ایم ٹولے کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا بیان

79

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اجتماعات سے کورونا کا پھیلائو بڑھا، اس ٹولے نے بلاجواز عوام کی زندگیوں کو دائو پر لگایا۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کورونا کے722نئے کیس سامنے آئےاور 46مریض جاں بحق ہوئے۔پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد131428تک پہنچ گئی ہے۔لاہور میں مریضوں کی تعداد64370تک بڑھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔شہری کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وبا میں سنگ دلی کا مظاہرہ کرنیوالے پی ڈی ایم ٹولے کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ان عناصر نے عوام کی زندگیوں کو دائو پر لگانے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی۔ راجکماری ،شہزادہ اور مولانا کی منفی سیاست کا جنازہ نکل چکاہے۔ بہروپیوں کے اس ٹولے کو سینٹ الیکشن میں بھی منہ کی کھاناپڑے گی۔