کورونا ویکسین کی 2ارب خوراکیں آئندہ سال تقسیم کی جائیں گی، عالمی ادارہ صحت

85
World Health Organization
World Health Organization

جنیوا۔20دسمبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ویکسین کی 2 ارب خوراکیں محفوظ کر لی گئی ہیں جنہیں 190 ملکوں میں مساوی طور پر تقسیم کیا جائے گا۔ڈبلیو ایچ او اور دنیا کے کئی ممالک کے اشتراک سے کورونا ویکسین کی مساوی تقسیم کے منصوبے کوویکس کے تحت 2 ارب خوراکوں میں سے ایک ارب 30 کروڑ ترقی پذیر ممالک کو فراہم کی جائیں گی۔کوویکس کو امیر اور غریب ملکوں کے درمیان طبی آلات اور ویکسین کی تقسیم میں عمومی طور پر آنے والی اسی تاخیر کو مد نظر رکھتے ہوئے قائم کیا گیا تھا اور اس میں ویکسین کی تیاری میں مصروف کئی دوا ساز کمپنیاں شامل ہیں۔کوویکس میں شامل گلوبل ویکسین الائنس اینڈ امیونائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر سیتھ بارکلی کا کہنا ہے کہ وہ کورونا ویکسین کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔برکلی کا مزید کہنا تھا کہ وہ پُراُمید ہیں کہ طبی عملے اور ہائی رسک افراد کو جون کے اختتام تک ویکسین لگا دی جائے گی۔اُن کا کہنا تھا کہ کوویکس میں شامل ممالک کی 20 فی صد آبادی کو آئندہ سال کے اختتام تک ویکسین لگا دی جائے گی۔