کورونا کیسز ،این سی اوسی نے عیدالاضحی پر نقل و حمل کو محدود کرنے اور سیاحتی شعبہ پر پابندیوں پر غور شروع کر دیا

35

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عیدالاضحی پر نقل و حمل کو محدود کرنے اور سیاحتی شعبہ پر پابندیوں پر غور شروع کر دیا ہے،این سی اوسی نے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے حوالے سے احتیاط نہ کی گئ تو نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں این سی اوسی نے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس جو درحقیقت انڈین وائرس ہے انتہائی خطرناک ہے اورپاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے جو کورونا کی چوتھی لہر بھی ہو سکتی ہے۔

این سی او سی نے ڈیلٹا وائرس اور پاکستان میں موجود دیگر وائرس کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی اگر ڈیلٹا وائرس پر قابو پانے کے لئیے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اینن سی اوسی کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے ہندوستان نے نہ صرف لاکھوں اموات کا سامنا کیا بلکہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے باعث عوام بے یار و مددگار اذیتیں جھیلتے رہے ،پاکستانی عوام کو اس وائرس کے مضر اثرات سے بچانے کے لئیے این سی او سی نے خصوصی اقدامات کیے ہیں.ان اقدامات میں متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پہ زور دیا گیا ہے۔اس ضمن میں موجودہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 18جولائی تک یقینی بنایا جائے گا۔

عیدالاضحی کے موقع پر وبا کے پھیلاؤ کی صورت میں غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں ، جن پر عملدرآمد کا فیصلہ کورونا کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھ کر آئندہ چند دن میں کیا جائے گا۔بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر سیر و سیاحت پر پابندی کا بھی امکان ہے،ایک بار پھر اس امر کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ تمام پرائیویٹ سیکٹر ملازمین ،

بشمول کارپوریٹ سیکٹر ، چھوٹی درمیانی اور بڑی انڈسٹری کے ملازمین زراعت، میڈیا ، وکلاء پرائیویٹ کمپنیاں فیکٹری مزدور ، مارکیٹ میں کام کرنے والے ملازمین ، ٹرانسپورٹ سیکٹر سے منسلک افراد ہوٹل ورکرز ، ریڑھی بان جمنیزیم ملازمین ، مساجد کے خدام اور آئماء ، شادی ہال ، ورکشاپس پہ کام کرنے والے افراد کو لازماً 31 جولائی سے قبل ویکسین لگوائی جائے ۔اس کے علاوہ 18سال سے زائد عمر کے طلباء اور طالبات کے لئے 31 اگست تک ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے،

یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔دوسری جانب پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پہ جانے والے 30سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کئے گئے ہیں اوریکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18سے 30 سال تک کے افراد پر بھی ہو گا جسے یقینی بنانے کے لئے اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔