کورونا کی مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ خطرناک ہے، سید مراد علی شاہ

53

کراچی۔27نومبر (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 226 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1423 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے، مثبت کیسز کی شرح 11.6 فیصد بنتا ہے جو خطرناک ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلی ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں کہی ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مزید 12 مریض انتقال کرگئے ہیں،انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2897 تک پہنچ گئی ہے شرح اموات 1.8 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 19 لاکھ 52 ہزار 783 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 1 لاکھ 70 ہزار 206 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان میں 88 فیصد یعنی 1 لاکھ 49 ہزار 115افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شفایاب ہونے والے 802 مریض بھی شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ اس وقت 18 ہزار 194 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے17 ہزار 422 گھر وں، 13 آئسولیشن مراکز میں اور 759 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 685 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، 50 مریض وینٹی لیٹرز پر ہے۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ صوبہ میں نئے رپورٹ ہونے والے 1423 نئے کیسز میں سے 1157 کا تعلق کراچی سے ہے، جس میں ضلع شرقی کے 410، ضلع جنوبی 389، ضلع وسطی 148، ضلع ملیر 131، ضلع کورنگی 40 اور ضلع غربی کے 39 کیسز شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد سے 68، بدین 37، ٹنڈو الہیار 19، شہید بینظیر آباد 14، عمرکوٹ 9، ٹھٹھہ 8، نوشہروفیروز 7، سکھر 6، جامشورو 5، خیرپور اور دادو 4-4، لاڑکانہ اور گھوٹکی 3-3، ٹنڈو محمد خان 2، جیکب آباد، میرپورخاص اور سانگھڑ سے ایک ایک کیسز شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔