کورونا کی وجہ سے رواں سال افراط زر کے حوالے سے مالیاتی مسائل کے خدشات میں اضافہ ہوا ، عالمی مالیاتی فنڈ

73
دنیا بھر میں خوراک اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے گھریلو اخراجات متاثر ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف رپورٹ

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):کورونا کی وجہ سے رواں سال افراط زر کے حوالے سے مالیاتی مسائل کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ افراط زر کے حوالے سے مالیاتی مسائل کےباعث دنیا بھر کی منڈیوں میں غیریقینی کی صورتحال پیداہوئی ہے جس کا سبب کورونا وائرس کی طویل ہوتی ہوئی عالمی وبا عالمی کی وجہ مالیاتی نظام کے استحکام کو درپیش خدشات ہیں۔ آئی ایم ایف نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ مارکیٹ کی اس غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں محتاط پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔

اس سلسلہ میں مرکزی بینکوں، وزرائے خزانہ اور عالمی مالیاتی اداروں کو چاہیے کہ پائیدار اقتصادی شرح نمو کے لئے پالیسی سپورٹ کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ مرکزی بینکوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ محتاط رہتے ہوئے پالیسی مرتب کریں تاکہ معاشی ترقی کے اقدامات متاثر نہ ہوں جس سے عالمی مالیاتی نظام کے استحکام میں مدد ملے گی۔آئی ایم ایف نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی عالمی وبا سے عالمی سطح پر تھری سیز کے مسائل درپیش ہیں جن میں "کوویڈ۔19، کرپٹو اور کلائیمیٹ چینج” شامل ہیں۔