اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے مہنگائی اس وقت عالمی مسئلہ ہے اور عالمی مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کا پاکستان پر بھی اثر پڑا ہے تاہم حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال بھارتی معیشت کی شرح نمو منفی 7.3 ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ چار دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے جبکہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد سے زائد رہی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریکارڈ 4 ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع ہوا جبکہ ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو آیا ہے، اپوزیشن جماعتیں فراخ دلی کا مظاہرہ کریں اور اس کامیابی پر حکومت کو کریڈٹ دیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے پر عزم ہے، ہمارے دور حکومت میں اداروں کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور آج واپڈا اپنی پالیسی کی بنا پر باہر سے فنڈز لیکر آ رہا ہے اور سرمایہ کاروں نے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے جو کہ اچھی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کو بدعنوانی کیسز سے بچانے کیلئے این آر او مانگ رہی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر اپنے اصولی موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ کسی صورت میں انہیں این آر او نہیں دیں گے۔