کورونا کی ویکسین تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے، رواں سال اگست تک کورونا وائرس سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

57

واشنگٹن ۔ 17 مارچ (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس حوالے سے ہونے والے تجربات کے نتائج جلد ہی سامنے آئیں گے۔ وائٹ ہائوس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ رواں سال اگست تک کورونا وائرس سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تباہ کاریاں جولائی یا اگست تک جاری رہ سکتی ہیں، ہم اس وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی پوری کوشش کرر ہے ہیں، ان تمام ممالک کے ساتھ سرحدیں بند کردیں گے جو وائرس کے بڑے پھیلاؤ کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف ہمارے اقدامات ضروری ہیں اور اگر ضروری ہوا تو ہم ان میں تبدیلی کریں گے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سٹاک مارکیٹس کو کورونا کی وجہ سے ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔امریکی صدر نے اعلان کیا کہ امریکہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے عارضی ہسپتالوں کی تعمیر کا ارادہ رکھتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کہ بیمار افراد کے لیے عارضی سپتالوں کی تعمیر کے لیے فوجی مدد کی ضرورت ہوگی تو انہوں نے کہا کہ ہم اس کا ارادہ رکھتے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نے کورونا کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لیے نئی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سماجی پروگراموں میں شرکت سے گریز کریں اور کسی بھی جگہ پر10 افراد جمع نہ ہوں۔