اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ کورونا کی پہلی لہر کے حوالے سے پاکستان کی کامیاب پالیسی رہی جس میں اپوزیشن نے بھی حکومت کے ساتھ تعاون کیا، کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بھی ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنی مشکل آسان کرنے کے لئے اپوزیشن کے پاس جائے تو میں اس چیز کی مخالفت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مشترکہ ہے، سپیکر سب کا ہے اور اگر سپیکر اپوزیشن کو دعوت دیں تو وہ حکومت کی دعوت نہیں بلکہ پارلیمان کی دعوت ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ عوام کی زندگیاں بچانے کے لئے کوئی عار نہیں ہم اپوزیشن کے پاس جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا مردان میں جلسہ منسوخ کیا، وزیراعظم اگر مناسب سمجھیں گے کہ اپوزیشن سے بات کریں تو ہم جا سکتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کو آمادہ کرنا چاہیے کہ سیاست انتظار کر سکتی ہے لیکن انسانی جانوں کو لاحق خطرہ انتظار نہیں کرے گا، اپوزیشن جماعتوں سے درخواست یہ ہوگی کہ پاکستانیوں کی زندگیوں کے ساتھ مت کھیلیں۔