کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے پیدا ہونیوالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید 6ہزار 901بیڈز کا اضافہ ، ہفتہ اور اتوارکی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی میں 17مئی تک توسیع

58

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے پیدا ہونیوالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید 6ہزار 901بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے ، ہفتہ اور اتوارکی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی کو 17مئی تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ ہفتہ کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوارڈینیٹر این سی اوسی کی مشترکہ زیر صدارت این سی اوسی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا وباء کے حوالے سے پیدا ہونیوالی صورت حال کاجائزہ لیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیاکہ پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے آج چین سے سائینو فارم ویکسین کی 5لاکھ کی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی ۔

اجلاس میں کورونا کے بڑھتے مثبت کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے جن شہروں میں وباء کا دبائو زیادہ ہے ان میں مجوزہ لاک ڈائون پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا ۔کورونا وباء کاپھیلائو مزید بڑھتا ہے تو لاک ڈائون کافیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا ۔ لاک ڈائون کا مقصد ایس او پیز پر عملدرآمد کروا کر وباء کے پھیلائو کو روکنا ہے ، کچھ مجوزہ پابندیوں میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بند کرنا ، شہروں کے مابین پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی اور تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند ہونا شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جہاں پر صوبائی حکومتوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں ، آرمی ، ایف سی ، رینجرز کا تعاون طلب کیا ہے وہ انہیں فراہم کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ہفتہ اور اتوار کے روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پرپابندی کو 17مئی تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ اجلاس کے شرکاء کو ہسپتالوں کو فراہم کی جانیوالی آکسیجن پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت 6ہزار 901مزید بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کیاجاسکے اس کے علاوہ آکسیجن کی ترسیل کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے۔اجلاس میں 60سال سے زائد عمر کے افراد کو واک ان ویکسین کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کوصحت سے متعلقہ اداروں کو آکسیجن کی فراہمی سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے میں این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا گیا ۔

اب تک موجودہ ہیلتھ کیئر سسٹم میں این ڈی ایم اے کی جانب سے 2ہزار 811آکسیجن بیڈز ،431وینٹی لیٹرز ،1ہزار 196آکسیجن سلنڈر، 5سو بائی پیپ اور 1ہزار 504آکسی میٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے ۔