کورونا کے نئے سامنے آنے والے 204 کیسز میں سے 120 کا تعلق کراچی سے ہیں، مراد علی شاہ

56

کراچی۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 12914 نمونے ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 204 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، ابتک کورونا کے 11 لاکھ 33 ہزار 169 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں 1 لاکھ 32 ہزار 84 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جاری پیغام میں کیا ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج کورونا وائرس سے مزید 31 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور ابتک شفایاب ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 27 ہزار 449 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کورونا کے باعث مزید 2 مریض انتقال کرگئے اورصوبہ بھر میں کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2445 ہوگئی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ اسوقت 2190 مریض زیر علاج ہیں، جن میں 1907 مریض گھروں میں، 277 مختلف اسپتالوں اور 6 مریض آئسولیشن سینٹرز میں زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 146 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، 19 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ بھر میں نئے سامنے آنے والے 204 کورونا کیسز میں 120 کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامشورو میں 18، ٹھٹھہ میں 7، بدین میں 6، حیدرآباد میں 5، ٹنڈوالہیار میں 4، گھوٹکی میں 3، جیکب آباد میں 3، قمبر-شہدادکوٹ میں 3، لاڑکانہ میں 2، سکھر میں 2، خیرپور میں 2، شکارپور میں 2، مٹیاری میں 2 اور سانگھڑ میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برائے کرم احتیاطی تدابیر پر لازمی طور پر عمل کریں ۔