21 C
Islamabad
بدھ, مارچ 12, 2025
ہومعلاقائی خبریںکورٹس ڈیجیٹلائزیشن :سٹاف کی حاضری کیلئے موبائل ایپ کا اجراء

کورٹس ڈیجیٹلائزیشن :سٹاف کی حاضری کیلئے موبائل ایپ کا اجراء

- Advertisement -

لاہور۔11مارچ (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے پر زور دیا ہے۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایت پر کورٹس ڈیجیٹلائزیشن کو یقینی بنانے کیلئے تاریخی اقدامات پر کام کیا جارہاہے، جس کے تحت لاہور ہائیکورٹ موبائل ایپ اور ویب سائٹ کو سائلین و وکلا کی سہولت کیلئے مزید موثر بنایا جائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کی موبائل ایپلیکیشن اور ویب سائٹ پرسائلین و وکلا براہِ راست دیکھ سکیں گے کہ لاہور ہائیکورٹ میں کس عدالت میں کون سا فاضل بنچ کازلسٹ کے مطابق کس مقدمے کی سماعت کررہا ہے۔ ہائیکورٹ کے سرکاری ذرائع کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور لاہور ہائی کورٹ آئی ٹی ونگ نے تمام ورکنگ مکمل کرلی ہے۔

- Advertisement -

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی ہدایات کے مطابق متذکرہ فیچر کو جلد آن لائن کردیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے لاہور ہائی کورٹ سٹاف کے لئے لوکیشن بیسڈ حاضری سسٹم لانچ کردیا گیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ لاہور پرنسپل سیٹ اور ملتان، بہاولپور و راولپنڈی بنچز پر تعینات تمام افسران و سٹاف کیلئے پلے سٹور پر موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جو کہ جلد ہی آئی فون پر بھی دستیاب ہوگی۔ تمام سٹاف ممبران اپنی حاضری موبائل ایپ کے ذریعے لگائیں گے۔ سپروائزری افسران اپنے ماتحت سٹاف کی حاضری اور گزشتہ ریکارڈ بھی دیکھ سکیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571282

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں