اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی): 9مئی کو شر پسندی اور کور کمانڈر کے یونیفارم کی بے حرمتی کرنے والے پی ٹی آئی کارکن جان محمد نے اعتراف کیا ہے کہ ہمارا کام عمران خان کو گرفتاری سے بچانا تھا،عمران خان نے زمان پارک میں لگائے گئے مختلف علاقوں کے کیمپوں میں موجود کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی اور منصوبہ بندی کی کہ اگر مجھے گرفتار کریں تو آپ لوگوں نے ایسا کرنا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کور کمانڈر کی وردی پہن کر غنڈہ گردی کرنے والے جان محمد نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔اس شخص نے احتجاج کی آڑ میں نے کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا اور کور کمانڈر کے یونیفارم کی تضحیک کی۔ جان محمد کا تعلق ضلع مہمند سے ہے۔اس شر پسند نےکور کمانڈر کی وردی پہن کر فخر و مباہات سے کہا تھا کہ” انہوں نے ریڈ لائن کراس کی ہے دیکھو یہ وردی اس کے گھر سے لایا ہوں ” ۔جان محمدنے اپنےوڈیو بیان میں انکشاف کیا کہ میں زمان پارک میں لگائے گئے مختلف علاقوں کے کیمپس میں مہمند باجوڑ کیمپ کا حصہ تھا۔ہمارا کام عمران خان کو گرفتاری سے بچانا تھا۔
عمران خان نے زمان پارک میں لگائے گئے مختلف علاقوں کے کیمپوں میں موجود کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی اور منصوبہ بندی کی کہ اگر مجھے گرفتار کریں تو آپ لوگوں نے یہ یہ کرنا ہے۔ جان محمد نے کہا کہ جب عمران خان گرفتار ہوئے تو شیخ امتیاز نے تمام کارکنان کو کینٹ کی طرف مارچ کرنے کو کہا۔پی ٹی آئی کی لیڈر شپ بشمول اعجاز چوہدری، یاسمین راشد، میاں محمدالرشید ، میاں اسلم اقبال اور دوسرے رہنما موجود تھے۔
جان محمد نے کہا کہ یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری ہمیں کور کمانڈر ہاؤس کے گھر کی جانب جانے کا کہتے ہیں۔جان محمد کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ کے دوران مجھے یونیفارم ملتا ہے میں وہ پہن کر میں نے وڈیو بنائی۔ میں نے کور کمانڈر کی شرٹ پہن لی اور حسان نیازی نے پینٹ پکڑ لی۔ میں نے وُہ یونیفارم کی شرٹ بعد میں جلا دی اُس کے بعد یہی گروپ پی ایس او پٹرول پمپ اور آرمی سٹور میں گھس کر لوٹ مار کرتا رہا ۔