کوشش ہے کہ دھرنے کو پر امن طور پر ختم کروائیں ، وزیر داخلہ بلوچستان

142
Mir Ziaullah Longo

کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ حکومت بلوچستان نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے متعددمطالبات تسلیم کئے ،پر تشدد احتجاج کے باوجود حکومت نے صبر کا دامن تھامے رکھا،دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں شعور اور تعلیم یافتہ قوم ہونے کاثبوت اور ترقی کا ساتھ دینا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاکہ مظاہرین کی جانب سے کوئٹہ میں احتجاج اور توڑ پھوڑ کی گئی حالانکہ حکومت کی پالیسی تھی کہ پر امن مظاہرے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے لیکن پر تشدد احتجاج کے باوجود حکومت نے صبر کا دامن تھامے رکھا۔

گوادر میں آل پارٹیز کے نمائندوں، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہداہت الرحمان کی موجودگی میں مذاکرات کئے گئے ۔ہماری کوشش ہے کہ دھرنے کو پر امن طور پر ختم کروائیں کیونکہ دھرنے میں موجود خواتین ہماری مائیں بہنیں اور بچے ہمارے ہی لوگ ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے متعددمطالبات تسلیم کئے،دھرنے والوں کے مطالبے پر تمام گرفتار افراد کو رہا کر دیا اور شاہراہیں کھول دیں۔تحریری معاہدہ ہونے کے باوجود بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے دھرنا ختم نہیں کیا گیا۔معلوم نہیں بلوچستان کی بات کرنے والے معاہدے پر عمل کیوں نہیں کر رہے ۔میرضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان اور گوادر کے عوام سے اپیل ہے کہ گوادر و بلوچستان کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں،احتجاجی اور نفرت کی سیاست بہت ہوچکی جس کی وجہ ہم آج پسماندہ ہیں احتجاج اورنفرت کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کا سوچنا ہوگا۔

پاکستان ایک آزاد ریاست ہے جوتاقیامت سلامت رہنے کے لیے بنا ہے، پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں،گوادر کے لوگوں کے حقوق سلب کیے جارہے ہیں نہ ترقی روکی جا رہی ہے،جانے انجانے میں کچھ لوگ بھارتی ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں۔ سی پیک کے منصوبے ہماری ترقی کے ضامن منصوبے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمسایہ ملک بھارت سی پیک کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔ ہندوستان ہمارے لوگوں کو ہمارے ہی خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے لیکن دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہم نے شعور اور تعلیمی یافتہ قوم ہونے کاثبوت اور ترقی کا ساتھ دینا ہوگااورہمیں مل کر بیرونی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ہمیں بلوچستان اور بچوں کے مستقبل کا سوچنا ہوگا۔