نیویارک ۔1مئی (اے پی پی):امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کے فلسطینی طالب علم محسن مہدوی کو امریکی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا۔ رائٹرزکے مطابق امریکی ڈسٹرکٹ جج جیفری کرافورڈ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ محسن مہدوی عوام کے لیے خطرہ نہیں ۔محسن مہدوی نے جیل سے نکلنے کے بعد کہا کہ میں امریکی صدر اور ان کی کابینہ سے واضح اور بلند آواز میں کہہ رہا ہوں کہ میں آپ سے نہیں ڈرتا ۔
ا نہوں نے عدالتی فیصلے کے حوالے سے کہا کہ یہ امریکا کے نظام انصاف میں اُمید اور یقین کی روشنی ہے۔محسن مہدوی کی رہائی ٹرمپ انتظامیہ کی فلسطینی حامی غیر ملکی یونیورسٹی کے طلبا کو ملک بدر کرنے کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا ہے اگرچہ دیگر طلبا تاحال جیل میں ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سٹوڈنٹ ویزا اور گرین کارڈ ہولڈرز کو فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ کی جنگ میں اسرائیل کے طرزِ عمل پر تنقید کے باعث ملک بدری کا سامنا کرنا ہوگا۔محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی ترجمان ٹریسیا میک لافلن کا کہنا ہے کہ محسن مہدوی کا گرین کارڈ پر امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کا استحقاق چھین لیا جانا چاہیے۔ ٹرمپ کے ناقدین نے اس اقدام کو امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے تحت اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590864